کرپشن کی وجہ سے گجرات مسائل کا شکار:ڈاکٹر طارق
گجرات(سٹی رپورٹر ، نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے اسلامک سنٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گجرات شہر میں ایک بارش ہو تو تمام نظام درہم برہم ہو جاتا ہے۔۔۔
سڑکوں، گلیوں سے ہفتہ بھر پانی نہیں نکلتا ، انہوں نے کہا کہ جتنے وسائل سابق وزیرا علیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے گجرات بھیجے جب چودھری شفاعت حسین ضلع ناظم تھے تو میں سمجھتا ہوں کہ ان فنڈز سے پورا گجرات آباد ہو سکتا تھا۔اس موقع پر انصر دھول ایڈووکیٹ امیر جماعت اسلامی گجرات، محسن اقبال، عمران انور، حاجی اسلم جاوید بھی موجود تھے ۔ ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ اس شہر میں وزیراعظم، وزیر اعلیٰ ،سابق وفاقی وزرا رہے ہیں۔ بارش باران رحمت ہوتی ہے مگر گجرات کے لوگوں کیلئے حکمرانوں کی کرپشن ، بد اعمال کی وجہ سے زحمت بن جاتی ہے ۔ اس وقت گجرات کے نمائندے جو کہ فارم 47 کی پیداوار ہیں دونوں وزیر ہیں اور گجرات کے عوام سے لا تعلق ہیں، ان کاخیال ہے کہ وہ گجرا ت کے عوام کے ووٹوں سے بنے ہیں ، حکمرانوں نے جب اپنے لوگ آگے کئے ہیں ان کی کوئی حیثیت نہیں ہے ، نہ ان کے پاس اختیارات ہیں ،انتظامیہ اپنے طور پر جتنی کوشش کر سکتی ہے وہ کر رہی ہے ، ہم صرف انتظامیہ کو ذمہ دار نہیں ٹھہرا سکتے ۔