سپیشل برانچ کے 375 فیلڈ آفیسرز کی گاڑیوں کیلئے 3 ماہ سے پٹرول اور ڈیزل بند
گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)سپیشل برانچ کے 375 کے قریب فیلڈ آفیسر کا 3 ماہ سے پٹرول اور ڈیزل بند ،افسروں کو فیلڈ میں فرائض سرانجام دینے میں شدید دشواری کا سامنا ہے ۔
گوجرانوالہ ریجن میں 375 کے قریب فیلڈ آفیسر ہیں جنہیں موٹر سائیکل اور گاڑیوں کیلئے سرکاری پٹرول فراہم کیا جاتا تھا تاکہ وہ فیلڈ میں فرائض سرانجام دیں، اس کے علاوہ تمام دفاتر اورتھانوں کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ بھی مرتب کرنا ہوتی ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ تین ماہ سے سرکاری پٹرول بند کر دیا گیا ہے جس وجہ سے وہ فیلڈ میں فرائض سرانجام نہیں دے پا رہے ،پٹرول کی قلت ہونے کی وجہ سے فیلڈ آفیسر شہر کے مختلف افراد کی منت سماجت کر کے موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں میں پٹرول ڈلواتے نظر آتے ہیں ۔متعدد بار اعلیٰ افسر وں کو پریشانی کے بارے آگاہ کیا گیا ہے لیکن کوئی بھی سنجیدہ نظر نہیں آ رہا۔ دوسری جانب حکام کا کہنا ہے کہ کسی فیلڈ آفیسر کا پٹرول بند نہیں کیا گیا بجٹ نہ ہونے کی وجہ سے ماہانہ پٹرول کی مقدار میں کمی کی گئی ہے جب بجٹ آ جائے گا تو دوبارہ مکمل پٹرول کی فراہمی شروع کر دی جائیگی۔