ہسپتالوں میں بہتر سہولیات کیلئے تجاویز طلب
سیالکوٹ(نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر )وزیر اعلیٰ کے ایڈوائزر برائے صحت میجر جنرل(ر)ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا۔۔۔
تین گھنٹے سے زائد طویل دورہ کے دوران انہوں نے ہسپتال کے تمام شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا، انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے اجلاس کی صدارت کی جبکہ خواجہ محمد صفدر میڈیکل کالج و ٹیچنگ ہسپتال کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی، اظہر محمود کیانی نے کہا کہ خواجہ صفدر میڈیکل کالج و علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال، سردار بیگم ہسپتال کی ایڈمنسٹریشن طبی سہولیات کی بہتری کیلئے جامع تجاویز تیار کرے جنہیں وزیر اعلیٰ نواز کو پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے ٹراما سنٹر میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر عدم اطمینان اظہار کیا اور ہدایت کی کہ ڈاکٹرز و سٹاف ایمرجنسی میں مریضوں کے پاس موجود ہونا چاہیے ،ایمرجنسی میں فرض شناس ڈاکٹر و عملہ تعینات کیا جائے ،مریضوں کو ہسپتال کے اندر سے ادویات اور ٹیسٹ کی سہولت فراہم کی جائیں، باہر سے دوا منگوانے والے ڈاکٹرز و طبی عملہ کے خلاف کارروائی کی جائے گی، ایمرجنسی میں سٹی سکین مشین کی جلد فراہمی کیلئے اقدامات کئے جائیں گے ۔