گجرات:یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے سیمینار و ریلیاں
گجرات (سٹی رپورٹر،نامہ نگار )ملک بھر کی طرح سے گجرات میں 5 اگست کو یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے منایا گیا۔۔۔
ضلع بھر میں تعلیمی اداروں، میونسپل کمیٹیز و دیگر سرکاری محکموں کے زیر اہتمام کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے سیمینار و ریلیوں کا انعقاد کیا گیا ۔اس موقع پرگفتگو کرتے ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام طویل عرصہ بھارتی مظالم کا شکار ہیں، بھارتی فوج کی ظالمانہ کارروائیوں میں کئی گنا اضافہ ہو گیا، مصبیت کی گھڑی میں ہر پاکستانی آزادی کی جدوجہد میں کشمیر ی عوام کیساتھ ہے ، بھارت نے کشمیر میں 9لاکھ سے زائد فوج کے ذریعے 80لاکھ کشمیریوں کو محصور کر رکھا ہے ، بلا جواز گرفتاریاں، تشدد، خواتین،بزرگوں سے مظالم بھی کسی سے ڈھکے چھپے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے طاقت کے نشے میں کشمیریوں پر جو مظالم روا رکھے ہیں ان پر دنیا کی خاموشی افسوسناک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اور کشمیریوں کو آزادی کی اس جدوجہد میں مایوس نہیں ہونا، ہمیں جہد مسلسل کرتے ہوئے کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرتے رہنا ہے وہ دن دور نہیں جب بھارت کو کشمیر پر اپنا غاصبانہ قبضہ ختم کرنا ہوگا،ہر فورم پر کشمیریوں کے حق آزادی کیلئے آواز بلند کی جائے گی۔