بجلی مہنگی،بل آمدن سے زیادہ، عوام کا جینا دوبھر
حافظ آباد (نامہ نگار،نمائندہ دنیا )بجلی کے بلوں نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا۔ آئے روز بجلی مہنگی ہونے سے بل آمدن سے زیادہ ہوگئے ہیں۔ شہریوں نے حکومتی طفل تسلیاں مسترد کرتے ہوئے بجلی سستی کرنیکا مطالبہ کر دیا۔
مسلسل اضافوں سے بجلی کا بنیادی ٹیرف اوسط 35.50روپے فی یونٹ تک پہنچ چکا ہے جبکہ اس پر سرچارجز نے قیمتوں کو دو گنا کر دیا ہے ۔ عام صارف کا کم از کم 10 سے 20 ہزار روپے بل آ رہا ہے ۔ ایک سروے میں شہریوں نے اس قدر مہنگی بجلی اور سرچارجز کو جیبوں پر ڈاکہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کہاں کا انصاف ہے کہ بجلی کے بل پر دو بار جی ایس ٹی عائد کیا جائے ۔ مہنگی بجلی کے ساتھ ساتھ پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ صارفین کے چکر نے بھی عوام کو رُلا کر رکھ دیا ہے ۔ 200 یونٹ سے ایک یونٹ بڑھتے ہی نان پروٹیکٹڈ صارف بن جانے پر قیمت دوگنی سے بھی زیادہ ہو جائے گی جوکہ مسلسل چھ ماہ ادا کرنی ہوگی۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ بڑے دُکھ کی بات ہے کہ ملک قرضوں تلے دب رہا ہے ، ملک کے غریب عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، مگر حکمرانوں کے شاہانہ مراعات میں کمی کی بجائے اضافہ ہو رہا ہے جس سے صاف پتہ چل رہا ہے کہ حکمران عوام کے دکھوں کا احساس بالکل نہیں کر رہے ۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بجلی کے بلوں میں حالیہ ظالمانہ ٹیکسوں کو ختم کیا جائے اور عوام کو مہنگائی میں ریلیف دیا جائے ۔