جلالپور بھٹیاں:جگہ جگہ غیر قانونی میڈیکل سٹور قائم
جلالپوربھٹیاں(نامہ نگار )جلالپوربھٹیاں ڈرگ انسپکٹر کی مبینہ غفلت کی وجہ سے گلی ،محلوں میں غیر قانونی میڈیکل سٹورز قائم،نان کوالیفائیڈ،میڑک پاس،ناتجربہ کار افراد میڈیکل سٹورز کی آڑ میں نشہ آور ادویات،انجکشنز دینے لگے جبکہ عطائیوں کے ہاتھوں آئے روز انسانی جانیں ضائع ہونے لگیں،اہل علاقہ کاشدید احتجاج،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈرگ انسپکٹر پنڈی بھٹیاں کی ملی بھگت سے ان پڑھ افراد نے میڈیکل سٹورز کے ساتھ منی ہسپتال کا قیام کرکے سارا دن مریضوں کو ڈرپس اور انجکشنز لگائے جانے لگے جبکہ شہر بھر میں نشہ کی لت کو پورا کرنے کے لئے گبیکا کیپسول سرعام فروخت ہونے لگے ،کرایہ کے لائسنس پر کھولے گئے میڈیکل سٹورز پر انسانی جانوں کے ساتھ تجربات کرکے انسانی جانوں کا ضیاع معمول بن گیا،میڈیکل سٹورز پر ان پڑھ نان کوالیفائیڈ افراد ڈرگ انسپکٹر پنڈی بھٹیاں کی آشیر آباد کی وجہ سے سارا دن سرعام پریکٹس کرتے ہیں،ڈرگ انسپکٹر کارروائی میں ناکام ہو گئے ۔اہل علاقہ نے حکام سے نوٹس کا مطالبہ کیا۔