تعطیلات ختم ہونے سے قبل سکولوں کی صفائی کا حکم
حافظ آباد(نامہ نگار،نمائندہ دنیا )ڈپٹی کمشنر سندس ارشاد نے گورنمنٹ پرائمری سکول قلعہ صاحب سنگھ ، میونسپل کمیٹی کے ڈسپوزل ورکس اورایم سی کے نئے تعمیر ہونے والے پارکنگ شیڈ کا دورہ کیا ۔
ڈپٹی کمشنر نے سکول میں مجموعی تعلیمی صورتحال ، صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا جبکہ ڈسپوزل ورکس میں نکاسی آب اور نئے تعمیر ہونے والے پارکنگ شیڈ کے منصوبے کا جائزہ لیا۔ ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی حمد اﷲ ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ تصور عباس ،ڈسٹرکٹ ایجو کیشن آفیسر ثمینہ یاسمین اور دیگرا فسر بھی ہمراہ تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول قلعہ صاحب سنگھ کے دورہ کے موقع پر مختلف کلاس رومز ،سکول کے واش رومز اور دیگر حصوں کادورہ کر تے ہوئے وہاں مجموعی تعلیمی صورتحا ل کے انتظامات، صفائی ستھرائی او ر دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے سکول ہیڈ مسٹریس کو ہدایت کی کہ موسم گرما کی تعطیلات ختم ہونے سے قبل سکول کی صفائی ستھرائی اور ضروری مرمت کے کام مکمل کر لئے جائیں ۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے کولوروڈ پر واقعہ میونسپل کمیٹی کے ڈسپوزل ورکس اور ایم سی کی گاڑیوں و مشینری کیلئے نئے تعمیر کیے جانے والے پارکنگ شیڈ کا دورہ کیا ،ڈپٹی کمشنر نے ایم سی کی گاڑیوں اور مشینری کے لیے تعمیر کیے جانے والے پارکنگ شیڈ کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔