حافظ آباد :تاجروں نے تاجر دوست سکیم کو مسترد کر دیا
حافظ آباد(نامہ نگار،نمائندہ دنیا )تاجران نے ایف بی آر کی جانب سے متعارف کروائی گئی تاجردوست سکیم کو تاجر دشمن اور تاجر کریش سکیم قرار دیتے ہوئے مسترد کردیاہے ۔
بجلی کے بلوں میں ظالمانہ ٹیکس اور بے تحاشہ مہنگا ئی میں تاجربرادری اور سفید پوش آدمی پس کر رہ گیا ہے ۔ فیسیں نہ اداکرنے کی وجہ سے ہزاروں بچے سکولوں سے تعلیم سے محروم ہوکر گلیوں میں آوار ہ پھررہے ہیں۔ تاجر ذمہ دار شہری ہیں اور گوشواروں میں جائز ٹیکس حکومت کو اداکررہے ہیں۔ضلع حافظ آباد کی تمام تاجربرادری اس تاجر دشمن سکیم کو متفقہ طورپر مسترد کرتی ہے ،ان خیالات کااظہار مرکزی انجمن تاجران حافظ آباد کے صدر شیخ محمدامجد نے تمام مارکیٹوں کے صدر اورنمائندوں کے ساتھ ملکر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر چیئرمین حافظ امانت، جنرل سیکرٹری ملک یاسر نور، سینئر نائب صدر حاجی رفیق مغل ،ترجمان قاضی شاہد ککو و دیگر موجود تھے ۔ شیخ امجد نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ بجلی کے بلوں میں درجن بھر سے زائدٹیکس کے بعد اب ایڈوانس انکم ٹیکس دینے کو کوئی تاجر تیارنہیں ۔کون دکاندار ہے جو 10ہزارروپے سے 30ہزار روپے ماہوار ٹیکس دے ۔ سکیم کو فوری ختم کیا جائے ۔