گجرات:نکاسی آ ب کیلئے گوجرانوالہ سے مشینری ،عملہ طلب

گجرات:نکاسی آ ب کیلئے گوجرانوالہ سے مشینری ،عملہ طلب

گجرات(سٹی رپورٹر ، نامہ نگار )کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی نے ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک کے ہمراہ گجرات شہر، مدینہ سیداں، جمال پور سیداں، ملہو کھوکھر اور ملحقہ دیہات کا دورہ کیا۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو خضر حیات بھٹی اور اسسٹنٹ کمشنر گجرات بلال زبیر بھی موجود تھے ۔ کمشنر نے مدینہ سیداں، جمال پور سیداں، ملہو کھوکھر اور ملحقہ علاقوں میں پانی کی صورتحال اور نکاسی آب کے اقدامات کا جائزہ لیا۔کمشنر نے جناح چوک میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گجرات شہر اور ملحقہ دیہات میں شدید بارشوں کے باعث پانی جمع ہے اور عوامی شکایات سے بخوبی آگاہ ہیں۔ شکایات کے حل کیلئے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔ نکاسی آب کیلئے گوجرانوالہ سے 5 ہیوی ڈیوٹی موٹریں اور ہیومن ریسورس بھجوایا جا رہا ہے اور پانی کا رخ تبدیل کیا جا رہا ہے تاکہ دیہات اور شہر کو محفوظ رکھا جا سکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ گجرات میں مون سون کے دوران سیوریج کے مسائل کا یہ آخری سال ہوگا کیونکہ ورلڈ بینک کے تعاون سے جامع سیوریج سکیم پر کام کیا جا رہا ہے ۔کمشنر نے بتایا کہ حکومت پنجاب کے ساتھ SAMMA ایگریمنٹ سائن ہو چکا ہے جس کے تحت تینوں تحصیلوں میں صفائی، نکاسی آب، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور سیوریج سسٹم کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ ورلڈ بینک پراجیکٹ کی منظوری کیلئے سفارشات حکومت پنجاب کو بھجوا دی گئی ہیں۔ کمشنر نے مزید کہا کہ میونسپل کارپوریشن گجرات کا عملہ مسلسل سیوریج لائنوں اور نالوں کی ڈی سلٹنگ اور صفائی میں مصروف ہے اور جلد ہی نکاسی آب کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں