شمسی انڈر پاس10روزسے،بند ٹریفک روانی متاثر
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)شمسی انڈر پاس تعمیر ومر مت کے نام پر 10 رو ز سے بند،تعمیراتی کام سست روی کا شکار ہے جبکہ راستہ بند ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو نے لگی ۔
ڈی سی روڈ ،سوئی گیس روڈ،جناح روڈ اور گل روڈ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگنے لگیں ۔ شمسی انڈر پاس کی ایک سائیڈ کی دیوارجو مون سون کی حالیہ بارشوں کے باعث کمزور ہو گئی اور دیوار گرنے کے خدشات کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے دیوار کو گرا کر انڈر پا س کے راستے کو بند کر دیا جس کے باعث وہاں سے گزرنے والوں کیلئے راستہ بند ہو گیا ۔ڈی سی روڈ ،فتومنڈ،جگنہ ،جناح روڈ،سوئی گیس روڈ اور دیگر علاقوں کے رہائشیوں کو جی ٹی روڈ کی طر ف جانے کیلئے اس راستے سے گزر کر جانا پڑتا تھا ، شہریوں کو قائد اعظم سکول والا راستہ اختیار کر نا پڑتا ہے لیکن وہاں اس قدر رش ہوتا ہے کہ گزرنا محال ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ تعمیراتی کام سست روی کا شکار ہے ،راستہ بند ہونے سے منٹوں کا فاصلہ گھنٹوں میں طے کر نا پڑ رہا ہے ۔اعلیٰ حکام سے مطالبہ ہے کہ جلد سے انڈر پاس کے اطراف تعمیراتی کام مکمل کیا جائے تاکہ پریشانی کم ہوسکے ۔