شجاعت کے بیٹوں نے روایات کو روند ڈالا :ثمیرہ الٰہی

 شجاعت کے بیٹوں نے روایات کو روند ڈالا :ثمیرہ الٰہی

گجرات(سٹی رپورٹر )سابق امیدوار پی پی 34 محترمہ ثمیرہ الٰہی نے چودھری ظہورالٰہی شہید کی 43 ویں برسی کے۔

 موقع پر ایصال و ثواب کیلئے چودھری ظہورالٰہی ہاؤس گجرات میں فاتحہ خوانی اور دعا کا اہتمام کیا جس میں ضلع بھر سے معززین سمیت تمام مکتبہ فکر کے لوگوں اور کارکنوں نے شرکت کی۔ محترمہ ثمیرہ الٰہی نے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چودھری ظہورالٰہی شہید نے ہمیشہ خدمت اور تابعداری کی سیاست کی جس وجہ سے آج بھی لوگ ان کے ساتھ عقیدت اور محبت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چودھری ظہورالٰہی شہید نے ہمیشہ یہ نصیحت کی کہ گجرات کے لوگ ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، ہمیشہ ان کی عاجزی اور انکساری سے خدمت کرتے رہیں۔ چودھری ظہورالٰہی شہید چاروں صوبوں کی آواز تھے انہوں نے ہمیشہ وہی بات کی جس پر پہلے خود عمل کر کے دکھایااور ہمیشہ مظلوم طبقات کی توانا آواز بنے ، ساری زندگی حق گوئی کے باعث چودھری ظہورالٰہی شہید کا نام نہایت عزت و احترام سے لیا جاتا ہے لیکن آج چودھری شجاعت حسین کے بیٹوں نے تمام روایات کو روند کر رکھ دیا ہے ، ان کو نہ تو عوام کا احساس ہے اور نہ کسی اور رشتے کا احترام رہاہے ، جس طرح گجرات کے عوام پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں آج یہ کس منہ سے ہمارے والد چودھری ظہورالٰہی شہید کی برسی پر آئے ہیں، چودھری ظہورالٰہی شہید نے تو ہمیشہ مظلوم کا ساتھ دیا ہے لیکن آج یہ دونوں بھائی انتظامیہ کے زور پر ضلع بھر میں ہمارے کارکنوں اور بھائیوں کو ہراساں کر رہے ہیں، ہم ہر کارکن کے ساتھ کھڑے ہیں، وقت بہت جلد بدلنے والا ہے پھر ہر ظلم و زیادتی کا حساب لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی اور چودھری مونس الٰہی نے حق اور سچ کا ساتھ دے کر ثابت کیا ہے کہ وہی چودھری ظہورالٰہی شہید کی سیاست کے اصل حقدار ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں