پولیس اور ایکسائز جعلی نمبر پلیٹوں کی روک تھام میں ناکام
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )پولیس اور محکمہ ایکسائز دور جدید میں بھی جعلی نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کا محاسبہ نہ کر سکے ، ضلع سیالکوٹ میں ڈکیت ، چور اور جرائم پیشہ عناصر گاڑیوں اور۔۔۔
موٹر سائیکلوں کو جعلی نمبر پلیٹ لگا کر وارداتوں میں مصروف ، شہری سراپا احتجاج بن گئے ۔سیالکوٹ میں جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں اورموٹر سائیکلوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے اور سیالکوٹ چوری ، ڈکیتی اور راہزنی سمیت نوسربازی کرنے والے جرائم پیشہ عناصر اپنی گاڑیوں ، موٹر سائیکلوں کو جعلی نمبر پلیٹ لگا کر وارداتیں کر رہے ہیں۔ ضلع سیالکوٹ میں گزشتہ 6 ماہ کے دوران ہونے والی کروڑوں روپے کی سینکڑوں وارداتوں میں استعمال ہونے والی گاڑیوں اورموٹر سائیکلوں کی نمبر پلیٹ جعلی نکلتی ہیں۔ یہی گاڑیاں ، موٹر سائیکلیں سیالکوٹ کی مختلف شاہراہوں پر نقل و حرکت کرتی دکھائی دیتی ہیں۔ سیالکوٹ پولیس جدیداور خفیہ وسائل کی حامل ہونے کے باوجود جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کارروائی کرنے سے قاصر ہے ۔ درجنوں متاثرین پولیس کی روایتی ہٹ دھرمی ، ڈاکووں اور چوروں کا محاسبہ نہ ہونے سے شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ اہلیان سیالکوٹ نے سیالکوٹ میں جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی خطرناک وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ ایکسائز اور پولیس کی مجرمانہ غفلت پر تشویش اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔