صحافیوں پر مقدمہ کیخلاف مساجد میں مذمتی قرار دادیں
حافظ آباد(نامہ نگار ،نمائندہ دنیا ) حافظ آباد میں پی ٹی آئی کے ضلعی قائد اورسابق ایم این اے مہدی حسن بھٹی کی پریس کانفرنس کی کوریج کرنے والے صحافیوں کے خلاف مقدمہ کے خلاف شہر کی متعدد مساجد میں جمعۃ المبارک کے اجتماعات میں مذمتی قراردادیں پاس کرائی گئیں۔۔۔
جہاں مختلف مکاتب فکر کے علما وخطبا نے صحافیوں کے خلاف درج من گھڑت اور بے بنیاد مقدمہ کو پولیس گردی قراردیتے ہوئے اعلیٰ افسروں سے مطالبہ کیا کہ اس مقدمہ کو فوری خارج کیا جائے کیونکہ مذکورہ مقدمہ کے بعد شہریوں میں تشویش پائی جارہی ہے ۔دوسری جانب جن آٹھ صحافیوں کے خلاف مقدمہ درج کرایا گیا تھاان میں سے 6صحافیوں حافظ عزیز الرحمن ،احسان اﷲ قادری،شہباز گل، اسرارشاہ، شفاقت وٹو اور جاوید اسدنے 29نومبر تک عبوری ضمانت کرالی۔علاوہ ازیں لاہور پریس کلب کے صدرارشد انصاری اور عہدیدار وں ،پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس و دیگر تنظیموں نے صحافیوں کے خلاف درج بھونڈے اور من گھڑت مقدمہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے تمام ذمہ داروں کو فوری معطل کرکے مقدمہ کو خارج کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا ہے کہ یہ مقدمہ آزادی اظہار رائے کا گلا گھونٹنے کے مترادف ہے ۔