موٹرسائیکلوں کے کاغذات نہ ملنے سے شہری پریشان
منڈیکی گورائیہ(نامہ نگار )شہری محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی جانب سے موٹرسائیکلوں کے کاغذات نہ ملنے کی وجہ سے پریشان ہوگئے ،رجسٹریشن کیلئے دفتر کے چکر لگاکرخوارہونے لگے ۔۔۔
کاغذات نہ ہونے سے وارڈنز چالان کرنے اورمقدمات درج کرانے لگے ۔ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈسکہ شہریوں کو کاغذات فراہم کرنے میں ناکام ہوگیا ،موٹرسائیکلوں کے کاغذات نہ ملنے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ شہریوں کاکہناہے کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کو موٹرسائیکلوں کے رجسٹریشن کاغذات کیلئے فیسیں ادا کررکھی ہیں اور بار بار محکمہ ایکسائز آفس کے چکر لگاکر خوار ہوچکے ہیں تاحال کاغذات نہیں مل سکے ۔ ڈسکہ شہر کی شاہراہوں پر کھڑے وارڈنز اور ٹریفک پولیس اہلکار چوکوں پر کاغذات مانگتے ہیں اور جسٹریشن نہ ہونے پر پہلے تو بلیک میل کرکے مال پانی کا تقاضا کرتے ہیں اور بعدازاں جرمانہ کرکے گاڑی بند کرکے تھانوں میں مقدمات کا اندراج کروادیتے ہیں جب ان کو بتایاجاتا ہے کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن رجسٹریشن نہیں دے رہاتو وہ یہ کہہ کرٹال دیتے ہیں کہ یہ ہمارا مسئلہ نہیں ۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے ۔