عوام ، کارکن حقیقی آزادی کیلئے باہر نکلیں گے :ریحانہ
سیالکوٹ(نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر )پاکستان تحریک انصاف رہنما و ٹکٹ ہولڈر این اے 71ریحانہ امتیاز ڈار نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے قائد عمران خان کی 24 نومبر کی فائنل کال کے حوالے سے تیاریاں زوروشور سے جاری ہیں اور۔۔۔
اس سلسلے میں عوام بالخصوص کارکنوں کا جذبہ اور عزم فقید المثال ہے ،عوام 24 نومبر کو نکل کر بانی پی ٹی آئی سے وفا کا ثبوت دینگے ’فسطائی حکومت سے چھٹکارا ملتے ہی اس کے غیر آئینی و غیر قانونی اور غیر جمہوری اقدامات کا بھی خاتمہ ہو جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار ریحانہ امتیاز ڈار، روبا عمر ڈار نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی فائنل کال کے حوالے سے کارکنوں کے ہمراہ چوک علامہ اقبال میں ڈور ٹو ڈور مہم کے دوران گفتگو میں کیا۔ ریحانہ امتیا ز ڈار نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی ہمارے بچوں کے مستقبل کیلئے حقیقی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں جس کی کامیابی کے بعد پاکستان حقیقی معنوں میں خود انحصاری کی راہ پر گامزن ہو گا۔ کرپٹ سیاستدانوں کو عوام نے الیکشن میں ہی مسترد کر دیا تھا ایک سازش کے تحت انہیں حکومت دیکر عوام پر مسلط کیا گیا وہ وقت دور نہیں جب تحریک انصاف حکومت تشکیل دیکر انصاف کی حکمرانی قائم کریگی اور پاکستان کو حقیقی معنوں میں ترقی و خوشحالی کا گہوارہ بنائیگی۔روبا عمر ڈار نے کہا کہ ہمارے لیڈر نے حق و سچ پر ڈٹ جانے کی مثال قائم کی قومی ہیرو سے قوم کو یہی امید تھی وہ اپنے اصولی موقف پر قائم ہیں قید و بند کی صعوبتیں ان کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں وہ اب کسی مقدمہ میں مجرم نہیں ان کی تمام کیسز میں ضمانتیں منظور ہو چکی ہیں ۔