سبزیوں کی قیمتوں میں پھر اضافہ،شہری پریشان
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)گوجرانوالہ میں ٹماٹر کی قیمت کو پر لگ گئے ، تین دنوں کے دوران فی کلو ٹماٹر کی قیمت میں 130روپے اضافہ ہوا ہے جبکہ دیگر سبزیوں جن میں ادرک ،کھیرے اور پیاز شامل ہیں ان کی قیمتوں میں اضافہ سے شہری پریشان ہیں۔
حالیہ دنوں میں سبزیوں کی قیمتوں کو پر لگ گئے ہیں اور ان کی قیمت میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہورہا ہے ۔ ضلع بھر میں100سے زائد پرائس کنٹرول مجسٹریٹس تعینات ہیں لیکن مارکیٹ میں سبزیوں کی قیمتوں نے غریب اور سفید پوش افراد کے ہوش اڑائے ہوئے ہیں۔گوجرانوالہ میں ٹماٹر تین روز قبل 150روپے فی کلو گرام کے حساب سے فروخت ہو رہا تھا جو کہ اب 280روپے فی کلو گرام کے حساب سے فروخت ہو رہے ہیں۔ ادرک دو دن قبل 510روپے فی کلو تھی جو اب 600روپے کے حساب سے فروخت ہو رہی ہے ،لہسن 700روپے سے بڑھ کر 750روپے فی کلو گرام کے حساب سے فروخت ہو رہا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کا قیمتوں پر کوئی کنٹرول نہیں، آئے روز سبزیوں کی قیمتیں بڑھا دی جاتی ہیں۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ انہوں نے نہیں کیا پیچھے سے ہی سبزیاں مہنگی مل رہی ہیں ،جب سبزی منڈی سے سستی ملے گی تو وہ قیمتوں میں کمی کر دیں گے ۔