سیالکوٹ:جعلی دستاویزات پر سفرکر نیوالے 3 افراد گرفتار
سیالکوٹ(نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر )ایف آئی اے امیگریشن سیالکوٹ نے جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والے 3 مسافر وں کو گرفتار کر لیا۔۔۔
مسافروں کی شناخت محمد توصیف شہزاد ، ظفر اقبال اور سرفراز علی کے نام سے ہوئی، امیگریشن کلئیرنس کے دوران ملزموں کو مشکوک پایا گیا ،جعلی ویزوں پر سفر کرنے کی کوشش کی ، ملزموں کو سیالکوٹ ائیرپورٹ پہنچنے پر گرفتار کیا گیا،ملزم ظفر اقبال اور سرفراز علی براستہ دبئی عمرہ کے ویزے پر سعودی عرب گئے ، ملزموں نے دبئی سے سعودی عرب جانے کے بجائے سائوتھ افریقہ کے بورڈنگ پاس حاصل کرنے کی کوشش کی تھی۔ملزموں کے سائو تھ افریقہ کے وزٹ ویزے ٹمپرڈ شدہ تھے ، ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم کئی سال ساؤتھ افریقہ میں مقیم رہے ، امیگریشن حکام کے مطابق توصیف شہزاد 23 نومبر کو بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ائیرپورٹ اسلام آباد سے وزٹ ویزے پر آذربائیجان کے دارالحکومت باکو کیلئے روانہ ہوا،حکام کے مطابق دبئی میں ٹرانزٹ قیام کے دوران مسافر نے باکو کیلئے اپنی اگلی فلائٹ جان بوجھ کر چھوڑ دی اور اپنے پاکستانی پاسپورٹ پر ٹیمپرڈ ساؤتھ افریقن وزٹ ویزا پر جنوبی افریقہ کیلئے بورڈنگ لینے کی کوشش کی، دبئی امیگریشن حکام نے چھان بین کے دوران جنوبی افریقہ کے ویزے کو جعلی قرار دیا،دبئی حکام نے مسافر کو اگلی دستیاب پرواز سے واپس پاکستان ڈی پورٹ کر دیا جسے سیالکوٹ پہنچنے پر گرفتار کر لیا گیا اور پوچھ گچھ کے دوران مسافر نے بتایا کہ وہ 16 سال سے جنوبی افریقہ میں مقیم ہے ،حکام نے بتایا کہ اس کا آخری ویزا 26 دسمبر 2022 کو ختم ہو گیا تھا اس نے 30 ہزار رینڈ اور 5 لاکھ روپے دے کر کیپ ٹاؤن میں مقیم ایجنٹ اسد شاہ سے ویزا حاصل کیا تھا جو جعلی نکلا۔