میٹرک امتحانات شیڈول کیمطابق ہونگے :کنٹرولر بورڈ
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)میٹرک بورڈ کے سالانہ امتحانات شیڈول کے مطابق 4مارچ سے شروع ہونگے ، کسی قسم کا کوئی ردوبدل نہیں کیا گیا۔۔۔
پیپر پیٹرن 2024 بورڈ کی ویب سائیڈ پر موجود ہے 2025کے امتحانات بھی اسی کیمطابق ہونگے ،پیپر یا شیڈول امتحانات میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی گئی،اگر شیڈول امتحانات میں کوئی تبدیلی کی جائے تو گوجرانوالہ بورڈ اس کا فوری طور پر نوٹیفکیشن جاری کردیتا ہے ،طلبہ اور سکولز مالکان کسی ابہام کا شکار نہ ہوں سوشل میڈیا پر شیڈول امتحانات میں تبدیلی کی خبریں بے بنیاد ہے ،ان خیالات کا اظہار کنٹرولر امتحانات بورڈ پروفیسر نعیم بٹ نے جناح ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سکول کے وفد صدر طارق محمود مغل، نائب صدر حافظ سلیم کھوکھر،فنانس سیکرٹری آصف اقبال بٹ، انفارمیشن سیکرٹری مجاہد حسین، کوآرڈینیٹرآصف شیزار سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ پی بی سی سی میٹنگ میں یہ فیصلہ ہوا ہے کہ امتحانات کے نفاذ کیلئے امتحانی سنٹر اور پریکٹیکل کیلئے لیبارٹریز صرف پبلک سیکٹر میں قائم کی جائیں گی،وہ امتحانی سنٹر جو دور دراز علاقوں میں بنتے تھے ،جہاں طلبہ اور سٹاف کا جانا مشکل تھا،انہیں ختم کر دیا گیا ہے ،ہماری کوشش ہو گی کہ تمام امتحانی سنٹر پبلک سکولز میں بنائیں لیکن گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں سوفیصد عملدرآمد مشکل ہوگا،یہاں ہم پبلک کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ سکولز میں بھی امتحانی سنٹر قائم کریں گے ۔