گیس ری فلنگ کی دکانیں سیل کرنے پر احتجاجی مظاہرہ
لدھیوالہ وڑائچ(نامہ نگار )محکمہ سول ڈیفنس کی جانب سے ایل پی جی ریفلنگ کی 100سے زائد دکانیں سیل کرنے اور بھاری جرمانوں کیخلاف ایل پی جی ایسوسی ایشن کا عالم چوک میں احتجاج، فلنگ کے دوران حادثات کی ذمہ دار غیر معیاری سلنڈر بنانے والی کمپنیوں کو قرار دیدیا ۔
ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ کے احکامات پر محکمہ سول دیفنس کی جانب سے شہر اور عالم چوک کوٹ اسحاق لدھیوالہ وڑائچ میں ایل پی جی کی ریفلنگ کرنے والی 100سے زائد دکانوں کو سیل کئے جانے اور مشینری ضبط کرنے دکانداروں کو بھاری جرمانے کرنے کے خلاف ایل پی جی ایسوسی ایشن کی جانب سے عالم چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ایسوسی ایشن کے صدر حسن بٹ نے کہا کہ گیس کی ریفلنگ کے دوران ہونے والے حادثات کی ذمہ دار غیر معیاری سلنڈر بنانے والی کمپنیاں ہیں جن کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے ضلعی انتظامیہ اور سول ڈیفنس چھوٹے دکانداروں کی دکانیں سیل کر رہی ہے ۔ جنرل سیکرٹری شمشیر اقبال نے بتایا کہ بند دکانوں کے دروزاے توڑ کرمشینری اور سلنڈر ضبط کرنے ،دکانداروں کو 40 ہزار روپے تک جرمانے کرنے کی مذمت کرتے ہیں ۔ انفارمیشن سیکرٹری حافظ عدیل ،حافظ شاکر ،علی خان اور لال خان نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور سول ڈیفنس کی جانب سے ایل پی جی ریفلنگ کرنے والی دکانوں پر چھاپوں اور بھاری جرمانوں کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ کار وسیع کرنے پر مجبور ہو جائیں گے ۔