گیپکو کے ریٹائر ہونیوالے ملازمین کے اعزاز میں تقریب
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)گیپکو کے ریٹائر ہونے والے ملازمین کے اعزاز میں گیپکو ہیڈ کوارٹر میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے دوران چیف انجینئر ڈویلپمنٹ شیخ امان اللہ اورڈائریکٹر جنرل ایچ آر اینڈ ایڈمن جلیل الرحمن و دیگرنے مدّت ملازمت پوری کر کے ریٹائر ہونے والے ملازمین کو اُن کے واجبات کے چیک دئیے ۔
اس موقع پرچیف انجینئرشیخ امان اللہ نے مدّت ملازمت پوری کر کے باعزت طریقہ سے گیپکو سے ریٹائرہونے والے ملازمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ آپ جیسے مخلص اور محنتی افراد کی بدولت ترقی کی منازل طے کرتا رہا ہے ، آپ کی محنت اور لگن نے نہ صرف گیپکو کو مضبوط کیا بلکہ ادارے کی کامیابیوں میں بھی نمایاں کردار ادا کیا۔ ہم آپ کے لیے دعا گو ہیں کہ آپ کی ریٹائرمنٹ کا یہ مرحلہ خوشیوں اور سکون سے بھرپور ہو۔انہوں نے کہا کہ یہ تقریب نہ صرف ریٹائر ہونے والے ملازمین بلکہ گیپکو کے تمام ملازمین کو احساس دلاتی ہے کہ سخت محنت، دیانتداری، اور لگن کا نتیجہ ہمیشہ عزت اور کامیابی کی صورت میں نکلتا ہے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منیجر ایڈمن اظہر یعقوب نے کہا کہ گیپکو اپنے ملازمین کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج گیپکو کو الوداع کہنے والے ملازمین کے اعزاز میں اس تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے ۔