کامونکے :اے سی کا مختلف علاقوں کا دورہ ،صفائی کا جائزہ
کامونکے (تحصیل رپورٹر)ستھرا پنجاب مہم کے تحت اسسٹنٹ کمشنر کامونکی ڈاکٹر ماہم واحد نے شہر کے مختلف علاقوں ریلوے روڈ،جی ٹی روڈ،مین بازار، راجباہ روڈ،محمدی پارک سمیت دیگر علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے صفائی انتظامات کا جائزہ لیا اور احکامات جاری کئے ،سینٹری انسپکٹر کاشف نواز بھی انکے ہمراہ تھے ،سینٹری انسپکٹر نے اے سی کی ہدایات پر عملے کیساتھ جی ٹی روڈ سمیت شہر کے مختلف علاقوں کو کلیئر کروایا ، ڈاکٹر ماہم واحد نے صفائی ستھرائی، ریلوے لائن سے ملحقہ دونوں اطراف خالی اراضی کو صاف بنانے کے حوالے سے جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ شہر کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے کے حوالے سے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے ۔ جی ٹی روڈ کو ہمہ وقت صاف رکھنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ستھرا پنجاب پروگرام کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں ہوگی۔ انہوں نے دورہ کے دوران د کانداروں، ریسٹورنٹس اور دیگر کاروباری مراکز کو تنبیہہ جاری کی کہ وہ کوڑا کرکٹ باہر روڈز پر پھینکنے سے اجتناب کریں۔