گجرات:غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیوں کا آغاز
گجرات(سٹی رپورٹر )کمشنر گوجرانوالہ سید نوید حیدر شیرازی کی خصوصی ہدایت پر میونسپل کارپوریشن گجرات نے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے ۔
کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن گجرات کے احکامات پر چیف آفیسر خالق داد گاڑا نے شہر کے مختلف علاقوں بشمول مین جی ٹی روڈ، جیل روڈ، اور خواجگان روڈ پر زیر تعمیر آٹھ عمارتوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران بلڈنگ انسپکٹرز کے ہمراہ نقشے کی خلاف ورزی یا بغیر نقشہ تعمیر ہونے پر پانچ عمارتوں کو موقع پر سیل کر دیا گیا۔ اس موقع پر چیف آفیسر خالق داد گاڑا نے کہا کہ کمشنر گوجرانوالہ کے واضح احکامات ہیں کہ نقشہ منظوری کے عمل کو شفاف، فوری، اور بغیر کسی ریفرنس یا رکاوٹ کے یقینی بنایا جائے ، تاہم غیر قانونی تعمیرات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میونسپل کارپوریشن گجرات کی ٹیم شہریوں کو رہائشی اور کمرشل عمارتوں کے نقشوں کی منظوری کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے ، لیکن قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ تعمیرات سے قبل نقشہ کی منظوری حاصل کریں اور قانونی طریقہ کار کو اپنائیں۔