پنڈی بھٹیاں:کوڑے کے ڈھیر ،نکاسی آ ب کا نظام بند
پنڈی بھٹیاں (نامہ نگار)حکومت پنجاب نے پنڈی بھٹیاں شہر کی صفائی کا نظام ٹھیکے پر دے دیا ۔۔۔
اب میونسپل کمیٹی کے بجائے گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ اس کی نگرانی کرے گی لیکن شہری صفائی کے نظام میں تبدیلی سے میونسپل کمیٹی اور صفائی کا انتظام کرنے والی نئی کمپنی کے درمیان سینڈ وچ بن چکے ہیں کیونکہ نہ تو ٹھیکہ لینے والی فرم شہر کی گلیوں اور بازاروں کی صفائی کرا رہی ہے اور نہ ہی میونسپل کمیٹی اس طرف توجہ دے رہی ہے جس سے شہر بھر کی گلیاں اور بازار کچرا کنڈی کا منظر پیش کررہے ہیں ، گلیوں اور بازاروں میں جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر پڑے ہیں جن سے تعفن اٹھ رہا ہے جس سے سانس لینا دشوار ہو گیا جبکہ گندگی سے اٹی نالیوں اور نالوں سے نکاسی کا نظام بھی بند ہو چکا ہے ،گندا پانی گلیوں بازاروں اور سڑکوں پر بہہ رہا ہے جس سے شہریوں کا گزرنا محال ہو گیا ، گندے پانی سے مکھیوں اور مچھروں کی افزائش بڑھ گئی جس سے شہری مہلک امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں ۔ میونسپل کمیٹی کے ارباب اختیار کا کہنا ہے کہ صفائی کا نظام ٹھیکہ پر جانے سے نصف سینٹری ورکرز صفائی کمپنی کو دے دئیے گئے ہیں جو تاحال شہر کے اندرونی حصوں کی صفائی شروع نہ کر سکی ، شہر کے ارد گرد پڑے کوڑے کے پرانے ڈھیروں کو اٹھا رہے ہیں جبکہ ہمارے پاس عملہ کی کمی ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی شہر کی مین سڑکوں کو تو چمکا رہی ہے لیکن اندرون شہر صفائی کی طرف توجہ نہیں دے ر ہی ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ صفائی کی صورتحال بہتر نہ بنا ئی گئی تو چند روز میں زندگی اجیرن ہو جا ئیگی ۔