گوشت ، انڈے مہنگے بیچنے والوں کیخلاف کا رروا ئی کا حکم
حافظ آباد (نمائندہ دنیا ، نامہ نگار )ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق نے کہاہے کہ مہنگے داموں برائلر( مرغی) کا گوشت اور انڈے فروخت کرنے والے دکاندارکسی رعایت کے مستحق نہیں ۔۔۔
پرائس کنٹرول کمیٹی اور مارکیٹ کمیٹی کے مقرر کر دہ قیمتوں سے مہنگے داموں چکن اور انڈے فروخت کرنے والے د کانداروں کے خلاف مقدمات درج کر ائے جائیں۔ ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور بالخصوص محکمہ لائیو سٹا ک کے افسر وں کو واضح کیا کہ برائلر (مرغی) کا گوشت اور انڈوں کی قیمتوں کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کیا جائے او راگر کوئی دکاندار مقرر کردہ قیمتوں سے تجاوز کرتے ہوئے مرغی کا گوشت اور انڈے فروخت کر ے تو انہیں نہ صرف بھاری جرمانہ بلکہ انکے خلاف مقدمات درج کرائے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر کاکہنا تھا کہ صارفین کے حقوق کا تحفظ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کی اولین ترجیح ہے اور کسی دکاندار کو غیر قانونی ذخیرہ اندوزی کے ذریعے مہنگے داموں اشیا فروخت کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جا سکتی اور جو دکاندار اپنی مرضی کے ریٹ مقرر کریں انکے خلاف بلا تفریق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔