الفتح کرکٹ گراؤنڈ کو فن لینڈ میں تبدیل کرنے پر احتجاج

 الفتح کرکٹ گراؤنڈ کو فن لینڈ میں تبدیل کرنے پر احتجاج

گوجرانوالہ(نیوزرپورٹر)الفتح کرکٹ گراؤنڈ کو فن لینڈ میں تبدیل کرنے کے فیصلے پر کھلاڑیوں کی جانب سے سیالکوٹ روڈ اور ڈی سی آفس کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ،کھلاڑیوں نے احتجاجاًٍٍٍ ڈی سی آفس کے لان میں کر کٹ بھی کھیلی۔

 بتایا گیا ہے کہ پیپلز کالونی ایکس بلاک میں واقع الفتح کرکٹ گرائونڈ جس میں پیپلز کالونی اور اس سے ملحقہ علاقوں کے نوجوان کر کٹ کھیلتے ہیں،گرائونڈ کو اب فن لینڈ میں تبدیل کرنے کے لیے کھدائی کا کا م شروع ہو چکا ہے جس کے خلاف گزشتہ روز نوجوان کر کٹرز نے سیالکوٹ روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین ڈی سی دفتر کے اندر گھس گئے ۔کھلاڑیوں نے ہاتھوں میں بیٹ،گیند اور وکٹیں اٹھا رکھی تھیں اور انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کر رہے تھے ۔کھلاڑیوں نے احتجاجاً ڈی سی آفس کے لان میں وکٹیں لگا کرکرکٹ کھیلنا شروع کر دی۔کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ پہلے ہی گوجرانوالہ میں گرائونڈز کی کمی ہے جہاں پر گرائونڈز تھے وہاں عمارتیں بن چکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کے علاقہ میں صرف ایک ہی گرائونڈ ہے ،جہاں پر تین چار سو کھلاڑی کرکٹ کھیلتے ہیں لیکن اس کو بھی فن لینڈمیں تبدیل کیا جا رہا ہے ،کھلاڑیوں کے احتجاج پر ڈپٹی کمشنر نوید احمد بھی پہنچ گئے ۔کھلاڑیوں سے مذاکرات کئے اور انہیں یقین دلایا کہ گرائونڈ کو کسی بھی صورت ختم نہیں کیاجائیگا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں