ڈپٹی کمشنر گجرات کی ہدایت پر تجاوزات کیخلاف موثر کارروائیاں

گجرات (نامہ نگار ، سٹی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک کی ہدایت پر میونسپل کارپوریشن سی او خالق داد گاڑا کے زیر انتظام سروس موڑ جی ٹی روڈ پر تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھرپور اور مؤثر کارر وائیاں کی جا رہی ہیں۔
ان کاروائیوں کے دوران تمام ریڑھی بانوں اور پھل و سبزی فروشوں کو فٹ پاتھ سے ہٹا کر 20 فٹ پیچھے ریڈ لائن کے پیچھے منتقل کیا جا رہا ہے ۔ فٹ پاتھ اور روڈ کو کشادہ بنانے کے لیے نشاندہی کے بعد تجاوزات کو ختم کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو بلا رکاوٹ آمد و رفت کی سہولت میسر ہو۔ ڈپٹی کمشنر گجرات نے ہدایت کی ہے کہ تجاوزات کے خاتمے کا عمل بلا تفریق اور مکمل شفافیت کے ساتھ کیا جائے تاکہ جی ٹی روڈ کے اس اہم حصے کو صاف اور قابل رسائی بنایا جا سکے ۔ ضلعی انتظامیہ نے عزم ظاہر کیا ہے کہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے یہ مہم جاری رہے گی ۔