وزیرآباد سیف سٹی پراجیکٹ جلد مکمل ہوجائیگا:سی پی او

وزیرآباد(نامہ نگار)سی پی او گوجرانوالہ ایاز سلیم کا دورہ وزیرآباد،پولیس تھانہ سٹی، تھانہ سوہدرہ تھانہ صدر میں سائلین کی شکایات پر نوٹس،زیر تعمیر سیف سٹی کنٹرول روم کا بھی معائنہ کیا،سی پی او گوجرانوالہ رانا ایاز سلیم اچانک وزیرآباد پہنچ گئے ۔
تھانہ صدر سے ملحق زیر تعمیر وزیرآباد سیف سٹی کنٹرول بارے معلومات لیں اور کام کی رفتار کا معائنہ کیا۔تھانہ سٹی میں کاشف محمود و دیگر سائلین نے اپنے معاملات بتائے جس پر ایس ایچ او سٹی غازی اورنگزیب نے انہیں مقدمات کی پیش رفت بارے بتایا جبکہ تھانہ صدر میں سائلین محمد آصف،ہدایت اللہ و دیگر کی شکایات پر سی پی او ایاز سلیم نے ایس ایچ او گوہر بھٹی سے 5 روز میں مکمل رپورٹ مانگ لی۔تھانہ سوہدرہ میں بھی سی پی او رانا ایاز سلیم نے چیکنگ کی اور شکایات سنیں جس کے بعد انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے وزیرآباد میں جاری سیف سٹی پراجیکٹ پر کام جلد مکمل کر لیا جائے گا،کنٹرول روم زیر تعمیر ہے شہر بھر کی اہم شاہراہوں پر جدید ترین کیمرے نصب کیے جا رہے ہیں۔پراجیکٹ کی تکمیل سے جرائم کا گراف اور سٹریٹ کرائم میں نمایاں کمی آئے گی اور ملزموں کی فوری گرفتاری بھی ممکن ہو گی۔بعدازاں سی پی او نے اے ایس پی وزیرآباد سے میٹنگ کی ۔