یوٹیلیٹی سٹورز پر آٹا ،دالیں ،گھی اور سستی چینی غائب
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)گوجرانوالہ کے یوٹیلیٹی سٹورز پر دو ماہ سے آٹا ،دالیں ،گھی کوکنگ آئل سمیت سستی چینی غائب جبکہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ افراد کیلئے سستی اشیا کی سہولت بھی ختم کر دی گئی ۔
شہری عام مارکیٹ سے مہنگے داموں آٹا ، چینی اور گھی خریدنے پر مجبور ہیں ۔تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ یوٹیلیٹی سٹورز پر گزشتہ دو ماہ سے آٹا دستیاب نہیں نہ ہی کسی قسم کی دالیں ،گھی اور کوکنگ آئل دستایب ہے ،اکثر چینی بھی دستیاب نہیں ہوتی ۔ گاہک اشیا کی عدم دستیابی کے باعث بغیر خریداری کے واپس چلے جاتے ہیں جس کے باعث یوٹیلیٹی سٹورز پر سناٹا چھایا ہوتا ہے خریداری نہ ہونے کے برابر ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز عوام کو ریلیف دینے کے لیے بنائے گئے ہیں لیکن یو ٹیلیٹی سٹورز پر جو چیزیں سستی ہیں وہ دستیاب ہی نہیں ہیں ۔آٹا اور چینی مارکیٹ سے سستی ہیں وہ بھی موجود نہیں ہے ۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹور پر آٹے ،چینی سمیت دیگر اشیا کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے ۔