بی آئی ایس پی علی پور چٹھہ سنٹر بند،خواتین دربدر
جامکے چٹھہ(نامہ نگار)علی پور چٹھہ سنٹر بند ہونے سے بی آئی ایس پی کے تحت رقوم لینے والی ہزاروں خواتین دربدر،سردی اور دھند کے موسم میں 40 کلو میٹر دور وزیرآباد جانے پر مجبور، بزرگ ،بیمار،حاملہ خواتین چھوٹے بچوں کیساتھ سارا دن ٹھنڈ جھیلنے کے بعد بھی ناکام واپس۔۔۔
تفصیلات کے مطابق تحصیل علی پور چٹھہ کی بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت پیسے لینے والی ہزاروں خواتین چند مہینوں سے دربدر ہوچکی ہیں۔ علی پور چٹھہ سنٹر کو بند کردیا گیا تھا جس وجہ سے پورے ضلع کا رش وزیرآباد میں ایک ہی سنٹر پر پڑنے سے خواتین کو جہاں شدید کوفت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے وہی سردی کے موسم میں پچاس سے ساٹھ کلو میٹر کا فاصلہ طے کرکے وزیرآباد جا کے بھی خوار ہونا پڑتا ہے کیونکہ اس سنٹر پہ موجود عملہ مبینہ کرپشن کی خاطر عورتوں کو ایک فرضی ٹوکن تھمادیتا ہے جس پہ پچیس دن کا ٹائم دیا جاتا ہے اور جو خواتین جلدی لینے کا تقاضہ کریں ان سے نقد رقم کا تقاضہ کیا جاتا ہے ۔