حکومتی پالیسیوں کیخلاف سرکاری ملازمین کا احتجاجی مظاہرہ

گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر،سٹی رپورٹر)اشرافیہ کو نوازنے کیلئے پنجاب حکومت ملازمین کے بچوں کا معاشی قتل عام بند کرے ۔
مہنگائی کی وجہ سے ملازمین پہلے ہی خودکشیاں کررہے ہیں،اور اپنے زندہ بچے فروخت کررہے ہیں اوپر سے حکومت پنجاب نے ملازمین سے بڑھاپے کا سہارا پنشن اور گریجوایٹی اصلاحات کے نام پر چھین لیا ہے جسکی وجہ سے ملازمین میں شدید غصہ پایا جاتا ہے ۔ملازمین کو سڑکوں پر احتجاج کیلئے مجبور کردیا گیا۔ 10-10 لاکھ ماہانہ تنخواہیں لینے والے حکمرانوں کی طرف سے آئی ایم ایف ایجنڈے کے تحت غریب سفید پوش بلدیاتی سرکاری ملازمین کی پنشن گریجوایٹی لیو انکیشمنٹ ختم کرکے مزدور کش پالیسیوں کے خلاف آج آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن کی کال پر میونسپل کارپوریشن کے ملازمین کے ساتھ ساتھ واسا، ایجوکیشن، پی ایچ اے ، سالڈویسٹ مینجمنٹ کے علاوہ دیگر محکموں کے ملازمین نے میونسپل کارپوریشن سے جی ٹی روڈ پر زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ احتجاجی ریلی کی قیادت مزدور قائد مرکزی جنرل سیکرٹری آل پاکستان لوکل گورنمنٹ و رکرز فیڈریشن نصیرالدین ہمایوں ملک و دیگر رہنمائوں نے کی۔ رہنمائوں نے حکومت وقت کو باور کرایا کہ وہ اپنی ملازمین دشمنی پالیسیوں کو ترک کرے اور اپنے کالے قوانین فوری طور پر واپس لے ۔