فارم 47 نے سیاست بدل دی ، سچ نہیں بولا جا سکتا :عابد کوٹلہ

گجرات(سٹی رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ڈویژنل صدر عابد رضا کوٹلہ نے گجرات پریس کلب میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ گجرات ہمیشہ سیاسی حوالے سے حادثات کا شکار رہا ، 8 فروری انتخابات میں سب کچھ نتارا کر دیا۔۔۔
حالانکہ ہم نے تو سیاست میں یہی سیکھا کہ محنت اور اپنی کمپین کے بل بوتے پر جیتیں گے یا ہاریں گے ہر الیکشن میں زندگی بھر صندوقڑیاں اُٹھانے والوں کیخلاف علم جہاد بلند کیا مگر فارم 47 پالیسی نے سیاست کا رُخ ہی بدل دیا،ممکن ہے آئندہ الیکشن میں فارم 47 کی کوئی نئی جنریشن لانچ کر دی جائے ،موجودہ صورتحال میں حکمت اور تدبر سے راستہ نکالنا ہی سیاست ہے ۔ انہوں نے کہا کہ زندگی بھرالیکشن میں چھوٹے چھوٹے ڈاکے تو دیکھتے رہے مگر 8 فروی کو پڑ نے والے ڈاکے نے سب کو حیران و پریشان کر دیا، گجراتیوں نے جنہیں ووٹ دئیے وہ اسمبلیوں سے باہر اور بغیر ووٹوں والے اسمبلیوں میں پہنچ گئے ، ایسے لوگ جب صوبائی اور وفاقی وزیر بنیں گے تو وہ عوام کیلئے کچھ نہیں کر پائیں گے ۔عابد رضا کوٹلہ کا کہنا تھا کہ لمحہ فکریہ ہے کہ موجود حالات میں ہم نہ سچائی بارے بول سکتے ہیں اور نہ ہی سچائی کا راستہ اپنا سکتے ہیں، ہم اپنوں سے کس طرح کا شکوہ کریں ۔ سیاست میں خود نمائی سنگین صورتحال اختیار کر چکی ہے ذاتی محنتوں اور کاوشوں سے کروڑوں روپے کے پراجیکٹ کوئی اور لاتا ہے اور اِنکے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کوئی اور چہرہ کر دیتا ہے یہی سیاستدانوں کی درد ناک کہانی ہے حلقے کیلئے ساڑھے چار ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز منظور کروائے مگر بھیجنے والوں نے دوسروں سے افتتاح کرا دیا۔