گجرات :انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کی تیاریاں

گجرات (نامہ نگار،سٹی رپورٹر )ڈپٹی کمشنر گجرات صفدر حسین ورک نے کہا ہے کہ پنجاب بھر کی طرح ضلع گجرات میں بھی پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کے لیے تیاریاں مکمل کی جا رہی ہیں۔۔۔
اتھارٹی جلد ضلع بھر میں فعال کر دی جائے گی، ابتدائی طور پر 27 سارجنٹس پنجاب پولیس سے منتخب کیے گئے ہیں جب کہ ضلع اور تحصیل کی سطح پر افسروں کی تعیناتی کا عمل بھی جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلعی سطح پر اتھارٹی کی سربراہی ڈسٹرکٹ بورڈ کرے گا جس کے چیئرمین ڈپٹی کمشنر ہوں گے ، جبکہ دیگر ارکان میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر اور ڈسٹرکٹ اٹارنی شامل ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی حکومت پنجاب کا ایک اہم اقدام ہے جو ضلع بھر میں پرائس کنٹرول، تجاوزات اور ریونیو کے معاملات کے مؤثر کنٹرول میں مددگار ثابت ہوگا۔ اس اقدام سے نہ صرف قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی بلکہ انکروچمنٹ کے مسائل کا بھی خاتمہ ہوگا۔ اتھارٹی کی تشکیل کے لیے ریکروٹمنٹ کمیٹی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو خضر حیات بھٹی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل افضل حیات تارڑ، اسسٹنٹ کمشنر گجرات بلال زبیر، ڈی ایس پی ساجد شیرازی، ڈسٹرکٹ اٹارنی شکیلہ چودھری، ڈی او انڈسٹری راشدہ بتول، اور ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر ظلہ سبطین شامل ہیں۔