بلڈنگ میٹریل مہنگا ہونے سے کنسٹرکشن کے کام میں کمی

جامکے چٹھہ(نامہ نگار)بلڈنگ میٹریل مہنگا ہونے سے کنسٹرکشن کے کام میں کمی ،ہزاروں مزدور بے روزگار ہو نے لگے ۔
تحصیل علی پور چٹھہ اور گردونواح جامکے چٹھہ ،ساروکی چیمہ ،رسول نگر ،منڈیالہ چٹھہ ،دلاور چیمہ ، سلہوکی چٹھہ ،دھاروال کنگ ،ہیڈ خانکی ،پنڈوری کلاں ،و دیگر میں بلنڈنگ میٹریل مہنگا ہونے سے رہائشی مکانوں میں کمی سے بحران سر اٹھانے لگا ہے ، پچھلے سال سیمنٹ کی بوری کی قیمت ایک ہزار روپے تھی اب 14سو روپے ہے ،اینٹ 14 ہزار روپے کی ایک ہزار تھی اب 20ہزار روپے کی ایک ہزار ہو گئی ، ریت 5ہزار روپے کی تھی اب 9ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے ۔ ایک سال میں سیمنٹ سریا اور اینٹوں کی قیمتیں ڈبل ہوچکی ہیں جس سے غریب و متوسط طبقہ کیلئے اپنا گھر بنانا خواب بن کررہ گیا ہے ،جامکے چٹھہ اورگردونواح میں نہ صرف ہزاروں مزدور بے روزگار ہورہے ہیں بلکہ نئی تعمیر نہ ہونے سے رہائشی بحران بھی سر اٹھانے لگا ہے ۔علاقہ بھر میں رہائشی مکانوں کی قلت سے مکانوں کے کرائے آسمان سے باتیں کرنے لگے ہیں، مزدور طبقہ اشیائے خور ونوش کی قیمتیں بڑھنے سے بوجھ تلے دبا ہوا تھا ،اب مکانوں کے کرائے بڑھنے سے انکا روح سے جسم کا رابطہ برقرار رکھنا دن بدن مشکل ہوتا جارہا ہے ۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے تعمیراتی سامان سستا کرنے اور حکومتی سرپرستی میں مزدور کالونیاں بنا نے کا مطالبہ کیا ہے ۔