مہنگی بجلی ، ٹیکسوں نے کاروبار مشکل بنا دیا :یاسر اقبال

وزیرآباد (نامہ نگار)مہنگائی کی بدترین صورتحال اور غیر یقینی معاشی حالات نے نہ صرف عوام بلکہ صنعتکاروں اور کاروباری طبقے کو بھی شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ۔
ٹیکسوں کی بھرمار اور بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت نے کاروبار کو مشکل تر بنا دیا ہے ، جبکہ مہنگائی کی وجہ سے خریداری کی قوت میں واضح کمی دیکھنے میں آ رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار معروف کاروباری شخصیت اور کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ملک یاسر اقبال نے ینگ بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل بڑھتے ہوئے ٹیکسز اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے نے تاجروں کیلئے کاروبار چلانا مشکل بنا دیا ہے ، موجودہ حالات میں سرمایہ کاری کے مواقع محدود ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے معیشت کو سنگین مشکلات کا سامنا ہے ،صنعتکار اور تاجر مسلسل نقصان اٹھا رہے ہیں اور حکومتی پالیسیوں کے باعث ان کا اعتماد بری طرح متاثر ہوا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ توانائی کے بحران اور معاشی پالیسیوں میں عدم استحکام نے نہ صرف کاروباری طبقے بلکہ پوری قوم کیلئے خطرات پیدا کر د ئیے ہیں، اگر فوری طور پر اقدامات نہ کیے گئے تو معیشت کی یہ گراوٹ طویل مدتی مسائل کو جنم دے سکتی ہے ۔ یاسر اقبال نے کہا کہ حکومت کو چا ہیے کہ فوری طور پر بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی کرے تاکہ پیداواری لاگت کم ہو اور کاروباری طبقہ اپنی سرگرمیاں جاری رکھ سکے ۔