حافظ آباد میں 3ارب 10کروڑ سے 5سڑکو ں کی تعمیر

حافظ آباد(نامہ نگار ،نمائندہ دنیا ) وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے ترقی یافتہ پنجاب ویژن کے تحت حافظ آباد ضلع میں 3ارب 10کروڑ روپے کی لا گت سے بننے والی5اہم سٹرکوں کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے ۔۔۔
حافظ آباد سے ہیڈ خانکی ، لاہور ، شیخوپورہ ، سرگودھا روڈ ، حافظ آباد ، شیخوپورہ روڈ،حافظ آباد ، خانقاہ ڈوگراں روڈ ، حافظ آباد ، سوئیانوالہ رو ڈ اور حافظ آباد سے علی پور چٹھہ روڈ کی تعمیر پر کام جاری ہے ۔ان سٹرکوں کی تعمیر سے نہ صرف حافظ آباد بلکہ صوبہ بھر کے دیگر شہروں کے عوام کو آرام دہ سفری سہولیات دستیاب ہونگی ۔ڈپٹی کمشنر حافظ آباد عبدالرزاق نے سٹرکوں کی تعمیر کے منصوبے کا دورہ کیا اور وہاں جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ تصور عباس اور دیگر متعلقہ افسر بھی ہمراہ تھے ۔ڈپٹی کمشنرکاکہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور وزیراعلیٰ کی کوارڈنیٹر سائرہ افضل تارڑ کی خصوصی دلچسپی سے حافظ آباد میں 5رابطہ سٹرکوں کے فنڈز جاری کیے گئے اور ان منصوبوں پر کام بھی جاری ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ ہائی وے اور دیگر محکموں کے افسر وں کو ہدایت کی کہ سٹرکوں کی تعمیر کا کام معیار کے مطابق مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ تصور عباس نے بتایا کہ مجموعی طور پر ان5سٹرکوں کی لمبائی 107کلو میٹر ہے جس سے حافظ آبا د، شیخوپورہ ، لاہور، سرگودھا، گجرات ، علی پور چٹھہ ، رامکے چٹھہ ، سوئیانوالہ ، خانقاہ ڈوگراں سمیت پنجاب کے کئی شہروں کے لوگ استفادہ کر سکیں گے ۔