وکلا چیمبرز میں ہنگامہ آرائی،14 وکلا کے لائسنس معطل

وکلا چیمبرز میں ہنگامہ آرائی،14 وکلا کے لائسنس معطل

گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر )وکلا چیمبرز میں ہنگامہ آرائی، پتھرائو اور فائرنگ سے وکیل کے شدید زخمی ہونے کا واقعہ ۔۔۔

ڈسٹرکٹ بار گوجرانوالہ کے ریفرنس پر پنجاب بار نے ہنگامہ آرائی میں ملوث 14 وکلا کے لائسنس معطل کر د ئیے ۔ پنجاب بار کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نے 14 وکلا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 14 جون کو طلب کر لیا ۔ڈسٹرکٹ بار کے صدر اور سیکرٹری سے واقعہ بارے مفصل رپورٹ بھی طلب کر لی گئی ۔ ڈسٹرکٹ بار گوجرانوالہ نے واقعہ میں ملوث 14 وکلا کی رکنیت منسوخ کر کے لائسنس معطل اور پروفیشنل مس کنڈکٹ کی کارروائی کیلئے ریفرنس پنجاب بار کونسل بھجوایا تھا ۔ تفصیل کے مطابق 5 جون 2025 کو سیشن کورٹ میں وکلا چیمبرز میں ہونے والی ہنگامہ آ رائی اور فائرنگ سے مصدق گورائیہ ایڈوکیٹ شدید زخمی ہوئے تھے ۔ واقعہ پر ڈسٹرکٹ بار کے سینئر اور جونیئر وکلا نے ڈسٹرکٹ بار کے عہدے داروں سے بار کا ہنگامی اجلاس طلب اور واقعہ میں ملوث وکلا کے لائسنس منسوخی سمیت دیگر کارروائی کا مطالبہ کیا تھا ۔ گزشتہ روز ڈسٹرکٹ بار کے سابق صدور عرفان سعید، ظہیر احمد چیمہ،صاحبزادہ محمد منیر عباسی،عامر منیر باگڑی، پرویز عابد ہرل ، رانا وقاص حسن،ملک عبدالستار اعوان ، نور محمد مرزا ،محسن یعقوب بٹ ، شہید اسلم جوڑا ،وقار حسین بٹ،خالد لطیف ،چودھری احور طفیل ،سیف اللہ چیمہ،محمد اکرم گل ،ڈسٹرکٹ بار کے صدر شرافت علی ناہرا اور سیکرٹری بار راجہ عبدالمقیت کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں5جون کو پیش آنے والے افسوس ناک واقعہ کی پرزور الفاظ میں مذمت کی گئی ۔اجلاس میں 5 جون کے واقعہ میں درج ہونے والی ایف آئی آر اور کراس ورشن میں شامل وکلا کی بنیادی رکنیت معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ دیگر کا تعین انکوائری کے مکمل ہونے پر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ڈسٹرکٹ بار نے وقوعہ میں شامل رانا علی آفتاب ،طلحہ شعیب بٹ ،رانا قاسم علی،شہریار حسنی مہر ،رانا شجاع،راول وڑائچ، رضوان گل ،حسن بلال کشمیری ،اعجاز عابد بھٹی ،رئیس اقبال سندھو ،اشفاق کمبو ہ، صہیب کاظمی ،کاشف عرفان کھوکھر اور راشد شریف کی رکنیت منسوخ کرتے ہوئے شو کاز نوٹس جاری کر دئیے جبکہ لائسنس منسوخی و پروفیشنل مس کنڈکٹ کی کارروائی کے لیے ریفرنس پنجاب بار کونسل بھجوایا گیا ۔ پنجاب بار کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین فاروق ڈوگر نے ڈسٹرکٹ بار کی جانب سے ریفرنس موصول ہونے پر 5 جون کو ہونے والی ہنگامہ آ رائی میں ملوث 14 وکلا کے لائسنس معطل کر دئیے اور انہیںنوٹس جاری کرتے ہوئے 14 جون کو طلب کر لیا ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں