گوجرانوالہ چیمبر نے بجٹ کو عوام دو ست قرار دیدیا

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ کے اعلان پر گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر رانا صدیق خاں،۔۔۔
سینئر نائب صدر احمد نوید رانجھا اور نائب صدر چودھری محمد یوسف نے مشترکہ بیان میں بجٹ کو متوازن اور عوام دوست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے مالی مشکلات کے باوجود بہتر سے بہتر بجٹ پیش کرنے کی کوشش کی ہے ۔صدر رانا محمد صدیق نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینا قابلِ تحسین قدم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ جو لوگ پہلے ہی باقاعدگی سے ٹیکس ادا کر رہے ہیں، اُن پر مزید بوجھ ڈالنے کے بجائے ٹیکس نیٹ کو وسیع کیا جانا چاہیے تاکہ نئے ٹیکس دہندگان کو شامل کر کے ملکی آمدنی میں اضافہ کیا جا سکے ۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ6ماہ کے دوران مہنگائی اور بجلی کے نرخوں میں کمی دیکھی گئی ہے تاہم حکومت کو چاہیے کہ عام آدمی کی زندگی میں مزید آسانی کے لیے روزمرہ کی ضروری اشیا کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کو یقینی بنائے ۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار معاشی ترقی کے لیے نچلے طبقے کو ریلیف دینا ناگزیر ہے ۔صدر چیمبر رانا صدیق نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بجٹ میں برآمد کنندگان سے متعلق خصوصی اقدامات کا ذکر نہیں کیا گیا حالانکہ گوجرانوالہ اور سیالکوٹ چیمبرز کی جانب سے ایف بی آر کے متعلق متعدد تجاویز پیش کی گئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی برآمدات میں اضافہ تب ہی ممکن ہے جب برآمد کنندگان کے لیے ٹیکس ریفنڈز، سہولت کاری اور دیگر معاون پالیسی اقدامات کیے جائیں۔