پنڈی بھٹیاں: ٹراما سنٹر غیر فعال آلات زنگ آلود
پنڈی بھٹیاں (نامہ نگار )منتخب نمائندوں اور ضلعی انتظامیہ کی عدم دلچسپی کی وجہ سے کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والا ٹراما سنٹر فعال نہ ہو سکا ، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔۔۔
ٹراما سنٹر کی بلڈنگ عرصہ قبل تعمیر ہو چکی لیکن سیاستدانوں اور انتظامیہ کی غفلت سے خالی پڑی ہے ، ٹراما سنٹر کیلئے خریدے طبی آلات زنگ آلود ہونے لگے ۔ کچھ عرصہ قبل ٹراما سنٹر کی عمارت سے لاکھوں روپے کے طبی آلات چوری بھی ہو چکے ہیں جس کا مقدمہ ایم ایس کی مدعیت میں نامعلوم چوروں کیخلاف تھانہ سٹی میں درج کر ا یا گیا لیکن پولیس چور پکڑ سکی اور نہ ہی آلات برآمد کر سکی ،تحصیل ہسپتال میں سکیوررٹی گارڈز کی فوج ظفر موج ہر ماہ لاکھوں روپے تنخواہ وصول کر تی ہے جبکہ انتظامیہ بھی چوری ہونے والی مشینری پر خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے ۔ پنڈی بھٹیاں میں تعمیر ہونے والا ٹراما سنٹر لاہور اسلام آباد اور فیصل آباد ملتان موٹرویز کے سنگم پر واقع ہے ، موٹرویز اور دوسری سڑکوں پر ہونے والے حادثات میں زخمی ہونے والوں کو ٹراما سنٹر فعال نہ ہونے کی وجہ سے حافظ آباد اور فیصل آباد ریفر کردیا جاتا ہے ،بروقت طبی امداد نہ ملنے سے متعدد قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔محکمہ صحت اور ضلع کے منتخب نمائندوں کی غفلت کے با عث کروڑوں روپے خرچ ہونے کے با وجود شہری جدید طبی سہو لیات سے محروم ہیں ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی کوآرڈی نیٹر سائرہ افضل تارڑ اور مقامی ایم پی اے میاں عون انتصار بھٹی ٹراما سنٹر کو فعال کرانے پر توجہ نہیں دے ر ہے ۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز ٹراما سنٹر کو فور ی طور پر فعال کرنے کیلئے اقدامات کر یں اور طبی آلات چوری کرنے والے بااثر ملزموں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ۔