پنجاب کالجز کے تحت انٹرمیں داخلہ پرطلبہ کیلئے ویلکم تقریبات
گوجرانوالہ( نیوز رپورٹر )ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن پنجاب گروپ آف کالجز گوجرانوالہ شہزاد رفیق نے کہا ہے کہ برداشت، رواداری ،حسن اخلاق اور مثبت طرز عمل طالبعلم کا طرہ امتیاز ہونا چاہیے کیونکہ علم کے ساتھ عمل انسان کی شخصیت میں نکھار پیدا کرتا ہے جس سے معاشرے میں مثبت تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب کالجز فار بوائز کے زیر اہتمام انٹرمیڈیٹ پارٹ ون میں داخلہ لینے والے طلبہ کے اعزاز میں ویلکم تقریبات سے خطاب کرتے کیا۔ اس موقع پر پرنسپل محمد سلمان، رئیس چٹھہ، وائس پرنسپل، اساتذہ اور طلبا وطالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔ شہزاد رفیق نے مزید کہا پنجاب گروپ آف کالجز طویل عرصے سے تعلیم کے میدان میں ملک و قوم کی خدمات انجام دے رہا ہے اور یہاں سے فارغ التحصیل طلبہ ملک کے طول و عرض اور بیرون ممالک میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا کر وطن عزیز کی عزت و وقار میں اضافہ کا باعث بن رہے ہیں۔ تقریبات میں طلبہ کیلئے شایان شان ضیافت کا اہتمام بھی کیا گیا۔