جماعت اسلامی وزیرآباد نے کسان مارچ کا اعلان کر دیا
اجلاس میں گندم کی قیمت بڑھانے اور کسانوں کے حقوق کے لیے مطالبات
وزیرآباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر) جماعت اسلامی ضلع وزیرآباد کی جانب سے موجودہ ملکی سیاسی و معاشی صورتحال، سیلاب متاثرین کے حکومتی ریلیف اور کسانوں کے مسائل پر اسلامک سینٹر میں ایک اہم پریس کانفرنس اور مشاورتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت امیر جماعت اسلامی ضلع وزیرآباد ناصر محمود کلیر نے کی، جبکہ جے آئی کسان بورڈ کے صدر ماسٹر نذر محمد چیمہ، صابر حسین بٹ اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔رہنماؤں نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت کی جانب سے گندم کی قیمت 3500 روپے فی من مقرر کرنا کسانوں کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کم از کم امدادی قیمت 4500 روپے فی من مقرر کی جائے تاکہ کاشتکار استحصال سے بچ سکیں۔ جماعت اسلامی کسان بورڈ کے مرکزی صدر سردار ظفر حسین اور امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب کے صدر جاوید قصوری کی قیادت میں کسان مارچ کی تفصیلات بھی اجلاس میں پیش کی گئیں۔24 اکتوبر کو مارچ کے شرکاء لاہور سے مریدکے ، واہنڈو، سمبڑیال سے وزیرآباد اور پھر نوشہرہ ورکاں پہنچیں گے جہاں ایک جلسہ عام منعقد ہوگا، جس سے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن خطاب کریں گے ۔مقررین نے کہا کہ جماعت اسلامی کسانوں کے مسائل اور مطالبات حکومت کے سامنے بھرپور انداز میں رکھے گی