فیروز والا روڈ پر یا اللہ مدد کانفرنس، علمائے کرام کے خطابات
علمائے کرام، سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے کانفرنس میں شرکت کی
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر) مرکزی جمعیت اہلحدیث فیروز والا روڈ کے زیر اہتمام پیپلز کالونی چوک میں 31ویں سالانہ یا اللہ مدد کانفرنس منعقد ہوئی جس میں علمائے کرام، سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔شیخ الحدیث پروفیسر حافظ مسعود عالم فاضل مدینہ یونیورسٹی سعودی عرب نے خطاب میں کہا کہ اخلاقِ حسنہ انسان کی شخصیت کا آئینہ دار ہے ، اور سب سے اچھے اخلاق والا شخص رسول کریمؐ کے سب سے زیادہ قریب ہو گا۔علامہ سید سبطین شاہ نقوی نے کہا کہ توحید انسان کی عزت و ایمان کی حفاظت کرتی ہے ، اسی کی برکت سے پاکستان وجود میں آیا، اور توحید و سنت پر عمل ہی ملک کو مستحکم بنا سکتا ہے ۔مولانا محمد حنیف ربانی نے کہا کہ ختم نبوت، ازواج مطہرات کی تقدیس اور صحابہ کرام کے دفاع میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔حافظ فرقان الٰہی سیٹھی نے اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام کی حمایت ہمارا دینی و قومی فریضہ ہے ۔کانفرنس کے سرپرست علامہ پروفیسر سعید کلیروی، مہمانِ خصوصی حاجی محمد یوسف کھوکھر اور مولانا محمد مشتاق چیمہ تھے ۔