صفائی کرنیوالے محنت کشوں کیلئے راشن کارڈ اجرا کا فیصلہ
ستھرا پنجاب پروگرام میں کام کرنے والے ملازمین کا مکمل ڈیٹا طلب کر لیا گیا
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر) وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر سماجی تحفظ اور فلاحی اقدامات کے تحت صفائی کے شعبے سے وابستہ محنت کشوں کے لیے ایک اہم اور خوش آئند فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (GWMC) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فرحان مجتبیٰ کی جانب سے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت خدمات سرانجام دینے والے ملازمین کا مکمل ڈیٹا طلب کیا گیا ہے ۔ابتدائی مرحلے میں یہ ڈیٹا گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، گجرات کے چار اضلاع اور ان کی 12 تحصیلوں میں کام کرنے والے کنٹریکٹ ورکرز سے حاصل کیا جا رہا ہے ۔سی ای او فرحان مجتبیٰ نے کہا کہ صفائی کے شعبے سے وابستہ محنت کش ہمارے معاشرے کے خاموش ہیرو ہیں۔ راشن کارڈ کا اجرا نہ صرف ان کی مالی معاونت کا ذریعہ بنے گا بلکہ یہ حکومتی سرپرستی کا عملی ثبوت بھی ہوگا۔