ستھرا پنجاب پروگرام ناکام، لدھیوالہ وڑائچ میں کوڑے کے ڈھیر
لدھیوالہ وڑائچ (نامہ نگار )ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کا کنٹریکٹ لینے والی کمپنی امپیریل وینچر نے کھلی کچہری میں اسسٹنٹ کمشنر کے نوٹس کو بھی نظرانداز کر دیا۔ شہر کی گلیاں اور محلے کوڑے کے ڈھیروں میں تبدیل ہو گئے ، بدبو اور مچھروں کی افزائش سے شہری بیمار پڑنے لگے ۔
چھ ماہ گزرنے کے باوجود صفائی کی صورتحال میں بہتری نہ آ سکی۔ اسسٹنٹ کمشنر صدر فیصل مجید نے پندرہ روز قبل کھلی کچہری میں کمپنی افسران کو احکامات دئیے مگر کسی نے توجہ نہ دی۔ٹیلی فون ایکسچینج، گلہ فروٹ والا، گلہ ڈاکٹر ظفر والا، سٹیڈیم محلہ اور سی این جی والا بازار سمیت متعدد علاقوں میں کوڑا کرکٹ اور گندے پانی کے باعث تعفن پھیل چکا ہے ۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ امپیریل وینچر کمپنی کا کنٹریکٹ منسوخ کر کے کمپنی پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے ۔