مہنگائی سے عوام پریشان، غریب دو وقت کی روٹی کو ترس گیا
بجلی،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار اضافے نے پریشان کر دیا:شہری
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )بدترین مہنگائی اور بیروزگاری نے غریب طبقہ کا جینا دوبھر کر دیا۔ بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بار بار اضافے نے عام آدمی سے جینے کا حق چھین لیا ہے ۔شہریوں دانش خاں، محمد عاصم، شہباز قادری، شیر خان قادری، عامر عباس بٹ، نیامت علی، محمد وحید، وارث علی، محمد منیب اور روحان احمد نے کہا کہ غریب خاندان ایک وقت کے کھانے کے لیے بھی جدوجہد کر رہے ہیں جبکہ دو وقت کی روٹی حاصل کرنا ناممکن ہو چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ گھروں میں نوبت فاقوں تک پہنچ گئی ہے ، مہنگائی کی حالیہ لہر نے تمام طبقات کو شدید مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے ۔ تنخواہ دار اور چھوٹے ملازمین پہلے ہی بمشکل گزارہ کر رہے تھے ، اب نئی مہنگائی نے ان کی زندگی مزید اجیرن بنا دی ہے ۔