حافظ آباد:سیلاب کے با عث بند ٹرینیں بحال نہ ہوسکیں
ریلوے سٹیشن پر ویرانی چھاگئی ،ٹرینوں کی بندش سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا
حافظ آباد(نامہ نگار،نمائندہ دنیا )حالیہ سیلاب کے باعث حافظ آباد فیصل آباد وزیر آباد سیکشن پر بند کی جانے والی ٹرینیں سواماہ گزرنے کے بعد بھی بحال نہ ہوسکیں جس کی وجہ سے حافظ آباد کے ریلوے سٹیشن پر ویرانی دکھائی دینے لگی ۔ ٹرینوں کی بندش سے ضلع بھر کے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہاہے ۔ حافظ آباد سیکشن پرکبھی ہر نصف گھنٹے بعد ٹرین چلتی تھی لیکن گزشتہ چند برسوں کے دوران12سے زائد گاڑیاں یکے بعد دیگرے بند کردی گئیں ۔اب اس سیکشن پر صرف پاکستان ایکسپریس اور رحمن بابا ایکسپریس چل رہی تھیں جنھیں سواماہ قبل سیلابی صورت حال کے بعد بند کردیا گیا ، اسوقت اس سیکشن پر کوئی بھی ٹرین نہیں چل رہی ۔شہریوں نے محکمہ ریلوے کے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ حافظ آباد سیکشن پر بند کی جانے والی تمام ٹرینوں کو فوری طور پر بحال کرکے مسافروں کی پریشانی کا ازالہ کیا جائے ۔