25462نئے یونٹس کا محکمہ ایکسائز کے سسٹم میں اندراج
گوجرانوالہ ، سیالکوٹ ،نا رووال کے یو نٹس شامل ، ریونیو میں اضا فہ ہوگا
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ گوجرانوالہ نے 25462نئے یونٹس کا سسٹم میں اندراج کر لیا جس سے سالانہ 6 کروڑ سے زائدمزید ریونیو اکٹھا ہو گا۔بتایا گیا ہے کہ گوجرانوالہ میں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی پراپرٹی برانچ کے 2لاکھ 68ہزار 900یونٹس ہیں جس میں کمرشل اور رہائشی جائیدادیں شامل ہیں۔ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب کے ڈیجیٹائزیشن منصوبہ کے تحت گوجرانوالہ ڈویژن میں25ہزار 462نئے یونٹس کا اندراج کیا گیا ہے جس میں 20851یونٹس گوجرانوالہ میں ہیں جبکہ 570نئے یونٹس نارووال اور4ہزار یونٹس سیالکوٹ میں ہیں۔جن نئے یونٹس کو شامل کیا گیا ہے ان میں واپڈا ٹاؤن ،سٹی ہا ئوسنگ باغبانپورہ ،گارڈن ٹاؤن ،کنگنی والا،موڑ ایمن آباد،شیخوپورہ روڈ ،چھیچھروالی ،دھلے ،نوشہروہ ورکاں اور شاہین آباد شامل ہے ۔ان علاقوں میں شہریوں کی منقولہ جائیداد مسنگ تھی جس کا اب ایکسائز کے سسٹم میں اندراج ہو چکا ہے ۔ڈائریکٹر ایکسائز ثوبیہ مالک کا کہنا ہے کہ گوجرانوالہ نے ریکارڈ ٹیکس ریکوری کر کے پہلے پنجاب بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی تاہم ڈیجیٹائزیشن سسٹم کے مطابق جو جو یونٹس مس تھے ان کا اندراج سسٹم میں کر لیا گیا ہے اس سے محکمہ کے ریونیو میں مزید اضافہ ہو گا۔