پیاز پہنچ سے دور،270روپے کلو تک فروخت

پیاز پہنچ سے دور،270روپے کلو تک فروخت

سرکاری نرخ 120 روپے مقرر ،دکانداروں کے من مانے ریٹس ، سبزی فروشوں کو کوئی پو چھنے والا نہیں ، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کارروائی کر یں :شہری

گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)ٹماٹر کی قیمت میں کمی کے بعد پیاز کی قیمت میں اضافہ ہو گیا،پیاز 250سے 270روپے فی کلو گرام فروخت ہونے لگا ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں ٹماٹر کی قیمت شہریوں کی پہنچ سے باہر رہی، گرانفروشوں نے ٹماٹر کی قیمت میں 700روپے کلو تک اضافہ کر دیا تھا جو اب کم ہو کر 200روپے تک آگئی ہے لیکن اب گرانفرشوں نے پیاز کی قیمت میں اضافہ کر دیا ،80روپے کلو میں فروخت ہونے والا پیاز اب 250 سے 270روپے فی کلو گرام میں فروخت ہو رہا ہے ۔انتظامیہ کی جانب سے جو سرکاری ریٹ لسٹ جاری کی گئی ہے اس پر پیاز کی قیمت 120روپے ہے لیکن گوجرانوالہ میں کسی بھی جگہ اس ریٹ پر پیاز فروخت نہیں ہو رہا ۔ دکاندار من مانے ریٹس پر پیاز فروخت کر رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سبزی فروشوں نے خود ساختہ طور پر قیمتوں میں اضافہ کیا ہوا ہے انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ہے ۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ناجائز منافع خوروں کیخلاف کارروائی کرنی چاہیے اور سرکاری ریٹ لسٹ پر پیاز کی دستیابی یقینی بنائی جانی چاہیے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں