سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کے حوالے سے آگاہی سیمینار

سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کے حوالے سے آگاہی سیمینار

جدید ٹیکنالوجی نعمت ، انسان غلام بن جائے تو یہی سہولت مشکل بن جاتی :مقررین

گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر )گفٹ یونیورسٹی کے زیر اہتمام کم سکرول کریں، زیادہ کمائیں ،خواتین کیلئے ڈیجیٹل توازن اور کاروبار کی رہنمائی کے موضوع پر گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی برائے خواتین میں آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ جس کا مقصد طالبات کو سوشل میڈیا کے بے جا استعمال کے نقصانات سے آگاہی فراہم کرنا اور اسے مثبت و کاروباری مقاصد کیلئے استعمال کرنے کا شعور بیدار کرنا تھا۔تقریب کی صدارت وائس پرنسپل محترمہ نور العین نے کی جس میں اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر وقاص محمود، لیکچرار کرن ساجد اور سماجی رہنما آغا سہیل نے شرکت کی۔

ڈاکٹر وقاص محمود نے کہا کہ نوجوان نسل سوشل میڈیا کی دنیا میں کھو کر اپنی صلاحیتوں کو ضائع کر رہی ہے ، جدید ٹیکنالوجی نعمت ہے لیکن جب انسان اس کا غلام بن جائے تو یہی سہولت مشکل بن جاتی ہے ۔ انہوں نے زور دیا کہ اداروں کو چا ہیے کہ وہ طلبہ وطالبات کی رہنمائی کیلئے ایسے آگاہی پروگرامز باقاعدگی سے منعقد کریں تاکہ وہ سوشل میڈیا کے منفی استعمال کو چھوڑ کر اسے کاروبار کیلئے استعمال کرسکیں۔ کرن ساجد نے کہا کہ سوشل میڈیا پر مثبت مواد پھیلانے والے نوجوان ہی مستقبل کے حقیقی لیڈر ہیں۔ انہوں نے طالبات کو مشورہ دیا کہ وہ ڈیجیٹل بیلنس اپنائیں یعنی روزانہ سوشل میڈیا کے استعمال کا وقت محدود کریں، غیر ضروری ایپس حذف کریں اور حقیقی زندگی کے تعلقات پر زیادہ توجہ دیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں