آئینی ترمیم ملک و ملت کے مفاد میں کی گئی :حافظ سلمان
عدلیہ مادر پدر آزاد ہو چکی تھی ادارہ جاتی توازن کی بحالی کیلئے یہ ترمیم ناگزیر تھی
حافظ آباد(نامہ نگار،نمائندہ دنیا )اہلحدیث یوتھ فورس پاکستان کے زیر اہتمام گورنمنٹ ڈگری کالج حافظ آباد کی فٹ بال گراؤنڈ میں اہلحدیث کانفرنس منعقد ہوئی جس میں کارکنوں ، نوجوانوں اور ذمہ داروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مرکزی امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان ڈاکٹر عبد الکریم نے خطاب میں نوجوانوں کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا بنیادی مقصد دعوت توحید ہے اور نوجوانوں کو چاہیے کہ اس پیغام کو اخلاص، حکمت اور منظم انداز میں پورے ملک میں پہنچائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صحابہ کرام کا مشن بھی دعوت توحید ہی تھا اور جماعت اہلحدیث کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ناموس صحابہ کے تحفظ سے متعلق تاریخی بل سینیٹ میں پیش کرنے اور مختلف مسالک کی جماعتوں کو قائل کرکے اسے منظور کرایا کیا گیا۔ کانفرنس سے مرکزی صدر اہلحدیث یوتھ فورس پاکستان حافظ سلمان اعظم نے خطاب میں کہا کہ ہم مسلک اہلحدیث کی دعوت لے کر پورے ملک میں بھرپور انداز میں تبلیغ کریں گے ۔ 27ویں آئینی ترمیم پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اہلحدیث نے اس کے حق میں ووٹ دے کر ملک و ملت کے مفاد میں اہم قدم اٹھایا ، عدلیہ مادر پدر آزاد ہو چکی تھی ادارہ جاتی توازن کی بحالی کیلئے یہ ترمیم ناگزیر تھی۔