پاک چین ثقافتی تفہیم بڑھانے کیلئے معاہدے پر دستخط
ثقافت ،تجارت کیلئے تعلقات پر بصری مواد کا مقابلہ شروع کیا جائے گا
اسلام آباد(دنیا رپورٹ)پاک چین سفارتی تعلقات کا 21 مئی 1951 کو آغاز ہوا۔ دونوں ممالک کے عوام آپس میں مثالی سمجھ بوجھ رکھتے ہیں، کاروبار اور عوام کے درمیان ثقافتی فکر و فراست کو بہتر بنایا جا سکتا ہے ۔اس مقصد کے لئے انسٹیٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز اسلام آباد کے پاک چین مطالعاتی مرکز اور رنسٹرا کے درمیان ایک معاہدے پر دستخط کئے گئے ۔ قرار داد مفاہمت پر پاک چین مطالعاتی مرکز کے ڈاکٹر طلعت شبیر اور رنسٹرا ٹیکنالوجیز کے عامر جہانگیر نے دستخط کئے ۔ انسٹیٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز کے ڈائریکٹر جنرل، ایمبیسڈر اعزاز احمد چوہدری نے کہا انسٹیٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز اسلام آباد پُر مغز تحقیق کے ذریعے مقاصد کے تجزیے اور امن، تحفظ اور پاکستان کی ترقی کو متاثر کرنے والے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر بات چیت کے لئے معیاری پالیسی مہیا کرنے کے لئے بنیاد فراہم کرتا ہے ۔ طلعت شبیر نے کہایہ قرار داد مفاہمت ثقافتی، کاروباری اور معاشی تعاون اور افہام و تفہیم کو بڑھانے کی اہمیت اجاگر کرتی ہے ۔ عامر جہانگیر نے کہا انفارمیشن کے اس نئے دور میں ا لفاظ کا ذخیرہ بڑھانے اور اس شراکت کو سمجھنا بہت ضروری ہے ۔